پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا.

 

 

انضمام الحق قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر

لاہور 7 اگست،2023:

 

1992 کے عالمی کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی اور سابق کپتان انضمام الحق کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ انضمام الحق مینز سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر ہونگے اور اس کمیٹی میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر۔ ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور حسن چیمہ سیکریٹری شامل ہونگے۔

 

یہ سلیکشن کمیٹی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کا سلیکشن کرے گی۔

چیف سلیکٹر کی حیثیت سے تقرری کے باعث انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے دستبردار ہوگئے ہیں اور ان کے متبادل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 

انضمام الحق کا پہلا اسائنمنٹ افغانستان کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا ۔ یہ سیریز22 سے 26 اگست تک سری لنکا میں کھیلی جائے گی جس کے بعد وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا سلیکشن کریں گے۔ ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ہوگا جبکہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک انڈیا میں کھیلا جائے گا۔

 

53 سالہ انضمام الحق نے اس سے قبل بھی اگست 2016 ء سے جولائی 2019 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ان کی منتخب کردہ پاکستانی ٹیم نے جون 2017ءمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی جس کے فائنل میں اس نے انڈیا کو180 رنز سے ہرایا تھا۔

 

error: Content is protected !!