پاکستان بلائنڈ ٹی ٹونٹی سپر لیگ شروع،پہلے روز پنجاب اور بلوچستان کی جیت


حیدر آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) تیسری پاکستان بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سپر لیگ شروع ہو گئی، ابتدائی روز پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں نے فتوحات حاصل کر لیں۔پیر کو حیدرآباد میں شروع ہونے والی لیگ کے افتتاحی میچ میں پنجاب اور سندھ بلائنڈ ٹیمیں مدمقابل ہوئیں اور میچ کو 18 اوورز تک محدود کیا گیا، پنجاب نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے، محسن خان 73 اور نثار علی 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، انیس جاوید نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں سندھ بلائنڈ ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 204 رنز بنا سکی، محمد راشد کی 104 رنز کی عمدہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، محسن خان اور ادریس سلیم نے ایک، ایک وکٹ لی۔

دوسرے میچ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 32 رنز سے ہرا دیا، بلوچستان بلائنڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 210 رنز بنائے، محمد اکرم نے 130 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، بدر منیر نے 36 رنز بنائے، آصف اور منان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں خیبرپختونخوا بلائنڈ ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز بنا سکی، معین علی 41 اور ایوب خان 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

تعارف: newseditor