بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں، یہ کھلاڑی قوم کے اصل ہیروز ہیں ، بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء ، کامن ویلتھ گیمزاور پیرا اولمپک ایشیئن گیمز میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈلز جیتنے پر ریسلر انعام بٹ اور حیدر علی کو ایک ، ایک لاکھ روپے کا چیک بطور انعام دیا ہے،پنجاب حکومت اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی، پاکستان کے لئے سونے کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں انعام بٹ اور حیدر نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ قابل تحسین ہے، مستقبل میں کبڈی اور دنگل کے ایونٹس منعقد کروائیں گے، چار ممالک کی کبڈی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء، کامن ویلتھ گیمز اورپیرا اولمپک ایشیئن گیمز میں سونے کے تمغے جیتنے والے کھلاڑی محمد انعام بٹ، حیدر علی اور 30ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالی پنجاب وومن ٹیم کو نقد انعامات دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی و دیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیرکھیل و امور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا کہ بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء اور کامن ویلتھ گیمزمیں محمد انعام بٹ پہلوان اور پیرااولمپک ایشین گیمز میں حیدر علی نے گولڈ میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے،یہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، دونوں کھلاڑی نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں کہ محنت سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، نوجوان انعام بٹ اور حیدر علی کی طرح اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کریں، ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے اصل ہیروز ہیں، ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء ، کامن ویلتھ گیمز میں محمد انعام بٹ پہلوان اور پیرااولمپک ایشین گیمز میں حیدر علی کو گولڈ میڈلز جیتنے پر ایک ، ایک لاکھ رورپے نقد انعام دیا ہے، دیگر کھلاڑیوں بھی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں پنجاب حکومت انکے ساتھ ہوگی اور ان کی حوصلہ افزائی کریگی۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ سپورٹس پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، مستقبل میں کبڈی کا بڑا ایونٹ منعقد کروارہے ہیں جس میں بھارت، ایران اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی، کبڈی کے مقابلے جنوبی پنجاب، سنٹرل پنجاب میں بھی کروائیں گے، اس کے علاوہ دنگل بھی کرارہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت انڈر 16 کھلاڑیوں کے انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلوں کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے، اب ضلعی سطح پر مقابلے ہورہے ہیں، یکم جنوری سے 7 مختلف کھیلوں کے بھی تربیتی کیمپ منعقد کر رہے ہیں جس سے نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی جانب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات اب پہلے سے بہت بہتر ہیں، غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کررہے ہیں جس سے سپورٹس کو مزید فروغ ملے گا۔

صوبائی وزیرکھیل و امورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے مزید کہا کہ ہاکی میں پاکستان نے بہت عروج دیکھا ہے مگر اب یہ کھیل زوال کا شکار ہے، ہاکی کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں، 30ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئین شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب کی گرلز ٹیم کو50ہزار روپے انعام دیاہے،ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کی طرح سے رہنمائی اور مدد کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر ، صوبائی وزیرکھیل و امورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے محمد انعام بٹ اور حیدر علی پنجاب گرلز ہاکی ٹیم کوکیش انعامات دیئے۔

تعارف: newseditor