جوہانسبرگ ٹیسٹ،جنوبی افریقہ 262 پر آئوٹ،پاکستان پھر مایوس کن آغاز

جوہانسبر(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی جبکہ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کا آغاز ایک بار مایوس کن رہا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر صرف 17رنز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جبکہ پاکستان کی ٹیم کی کو خسارہ پورا کرنے کیلئے ابھی مزید 245 رنز درکار ہیں،شان مسعود دو جبکہ اظہر علی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، جس وقت کھیل ختم ہوا تو وکٹ پر امام الحق دس اور نائٹ واچ مین محمد عباس بغیر کسی سکور کے موجود تھے۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 262 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایڈن مرکرم کے ہمراہ اننگز کا آغاز کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا اور 6 کے مجموعی اسکور پر کپتان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ایڈن مرکرم اور ہاشم آملہ نے 126 رنز بناکر ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچایا لیکن اوپنر ایڈن مرکرم نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 90 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔ جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 154 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہاشم آملہ 41 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے۔ اس کے بعد ڈی بریون اور زبیر حمزہ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز بنائے تاہم ڈی بریون 49 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جب کہ پانچویں وکٹ ٹیمبا باووما کی گری جو محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔زبیر حمزہ بھی محمد عامر کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 41 رنز بنائے۔فیلنڈر ایک رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ کگیسو ربادا بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹے۔پروٹیز کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوئنٹن ڈی کوک تھے جو 18 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ اولیویئر بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!