وشاکا پٹنم (سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کرلی۔بھارت کے شہر وشاکا پٹنم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو ایک چھوٹے اسکور تک محدود رکھا۔کے ایل راہول نے 50 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا اسکور ترتیب دینے کی راہ ضرور ہموار کی لیکن دیگر بلے باز ان کی جانب سے فراہم کی گئی بنیاد پر بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے۔تجربہ کار اوپنر روہت شرما صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے جس کے بعد کپتان ویرات کوہلی نے 24 رنز کا اضافہ کیا تاہم سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 29 رنز بنائے لیکن 37 گیندوں کا سامنا کیا جس میں صرف ایک چھکا شامل تھا اس کے علاوہ کوئی باؤنڈری شامل نہیں تھی۔بھارت نے مقرررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو آسان ہدف دے دیا جو ان کے لیے اتنا آسان ثابت نہیں ہوا اور میچ آخری اوور کی آؒخری گیند تک جاری رہا۔آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نیل نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن تھا جہاں اسٹوئنز صرف ایک اور کپتا ایرون فنچ صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم شارٹ اور گلین میکسویل نے ٹیم کو مشکل حالات سے نکال کر اسکور کو 89 رنز تک پہنچایا۔میکسیول آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو شاندار 56 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر راہول کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد شارٹ بھی 37 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کے لیے یہ میچ آسان بن گیا تھا اور اس وقت اسکور 5 وکٹوں پر 102 رنز تھا اور 16 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تھا۔پانڈے اور بھمرا نے آسٹریلیا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے حاصل کرکے ایک مشکل کھڑی کردی تاہم کمنز اور رچرڈسن نے اعصاب پر قابو رکھا اور میچ کی آخری گیند پر اپنی ٹیم کو 3 وکٹوں سے فتح دلا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا نے 7 وکٹوں پر 127 رنز بنائے، پیٹ کمنز اور رچرڈسن 7،7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔بھارت کی جانب سے بھمرا نے 3، چاہل اور پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے کولٹرنیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔