یوم پاکستان 23 مارچ پر کرکٹرز کے قوم کے نام پیغامات
اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)جذبہ حب الوطنی سے سرشار پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا اور قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان میں موجود ہیں اور پاکستانی کہلاتے ہیں، ملکی ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور یہ پاکستان ہی ہماری پہنچان ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ جب میں اپنے قومی کرکٹ ٹیم کی جرسی پہنتا ہوں تو میرا دل خوشی سے پھول جاتا ہے۔اظہر محمود نے قوم کی حفاظت کرنے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔جنید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔فاسٹ بالر نے کہا کہ پاکستان ان کا ملک ہے، یہاں یہ پیدا ہوئے ہیں اور اسی کے لیے اپنی جان دیں گے، یہی ملک ان کی پہچان ہے۔فاسٹ بالر حسن علی نے بھی قوم کر یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی جدوجہدِ پاکستان کو انسانوں کی عظیم تاریخ قرار دیا۔حسن علی نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی کہانی، جدوجہد اور کامیابیاں اعلی ظرف انسانی نظریات کی کہانی ہے۔عمر گل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور یوم پاکستان کی پریڈ کو اپنے بچپن کی یادوں سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج یوم پاکستان کی پریڈ دیکھ کر اپنے بچپن کا زمانہ یاد آگیا جب ہم اپنے ملک کے لیے کچھ کر دکھانے کے لیے پرجوش ہوتے تھے۔عمر گل نے کہا کہ خدا ہمارے وطن کو امن و ترقی کے ساتھ قائم و دائم رکھے۔آل رانڈر شاداب خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مشہور ملی نغمے کے شعر کو شیئر کیا۔آل رانڈر عماد وسیم نے بھی اپنے ٹوئٹ میں یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔اسپیٹڈ اسٹار شعیب اختر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے اس روز قوم کو اس مقام تک پہنچا دیا جہاں ہم اپنے ملک میں آزاد زندگی گزار سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیں آج یوم پاکستان پر ہم سب مل کر عہد کریں کہ متحد ہوکر اس ملک کی تعمیر کریں گے۔