پی ایف ایف کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں قابل سزا ہیں‘ صدر فیڈریشن

اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان فیڈریشن کے صدر فیڈریشن انجینئر سید اشفاق حسین نے کہاہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی، گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ کی زیرنگرانی ہوئے تھے اور ملک میں دوسری کوئی باڈی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ چند افراد انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ کو ناکام بنانے کے لئے متحرک ہیں جن کے مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ نے کھلاڑیوں کو بھی ہدایت کی ہے کسی غیرقانونی آل پاکستان ٹورنامنٹ، کوچنگ اور ریفریز کورسز میں شرکت سے گریزکریں ورنہ ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی، سید اشفاق حسین شاہ نے کہاکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام ملک بھر میں انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ 15 اپریل سے شروع ہو رہا ہے جس کی تیاریاں زور شور پر ہیں، جس کے میچز اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے ہرممکن اقدامات کرے گی اور اس ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 22 اپریل سے شروع ہو گا، انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر اس ٹورنامنٹ کو ناکام بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

تعارف: newseditor