کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل انٹرسٹی فٹبال چمپئن شپ 2019کا فائنل راؤنڈ آج (ہفتہ) سے ملتان اور بہاولپور کے سرسبز اور خوبصورت میدانوں پر شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔ملک کے 12مختلف مقامات پر مقامی سٹی کی ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھلائے گئے اور 12ٹیموں نے فائنل راؤنڈ میں شرکت کیلئے ملتان اور بہاولپور کا رخ کیا۔ ان 12شریک ٹیموں کو 3,3کے 4گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ ‘اے‘ کراچی گرین، پنجاب (2)‘ گلگت، گروپ ’بی‘ جیکب آباد، کوئٹہ، خیبر‘ گروپ ’سی‘ مالاکنڈ، پنجاب (1)، مظفرآباد اور گروپ ’ڈی‘ گوادر،ونر آف ڈی آئی خان اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ گروپ ’اے‘ اورگروپ ’ڈی‘ کے میچز ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور جبکہ گروپ ’بی‘ اور گروپ ’ڈی‘ کے میچز ڈویثرنل اسٹیڈیم، ، کلمہ چوک ،ملتان میں ہونگے۔ 2کوارٹر فائنل بہاولپور میں کھیلے جائیں گے جبکہ ملتان میں 2کوارٹر فائنل ، دونوں سیمی فائنل، تھرڈ پوزیشن اور فائنل کھیلا جائے گا۔
افتتاحی روز کراچی گرین کا سامنا گلگت اور گوادر کا اسلام آباد سے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور جبکہ جیکب آباد اور خیبر ‘مالاکنڈ اور مظفرآبادکی ٹیمیں ڈویثرنل اسپورٹس اسٹیڈیم ملتان میںباہم مقابل ہونگی ۔کوارٹر فائنلز یکم مئی، سیمی فائنلز 2مئی ، تیسری پوزیشن اور فائنل 3مئی کو کھیلا جائے گا۔تمام میچز برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔ملتان سینٹر کے آرگنائزنگ سیکریٹری میاں جاوید قریشی، سیکریٹری ،ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ، ملتان جبکہ خالد خیر، سیکریٹری ، ڈی ایف اے بہاولپورآرگنائزنگ سیکریٹری بہاولپور سینٹر ہونگے ۔