آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ کل سے انگلش سرزمین پر سجے گا

لندن(عبدالرحمان رضا)انٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی )کرکٹ ورلڈ کپ کلجمعرات کو انگلش سرزمین پر شروع ہو گا۔ ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے ورلڈکپ میں 10 ٹیمیں 11وینیوز پر 48 میچز میں ایک ٹرافی کیلئے جنگ کریں گی۔ افتتاحی میچ 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان ہو گا،پاکستان اپنی مہم جمعہ31 مئی کو ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے شروع کرے گا، اڑتالیس میچز کیلئے 16 امپائرز اور 6 میچ ریفریز کا انتخاب کیا گیا، ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 40لاکھ ڈالرز اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم 2ملین ڈالرز انعام وصول کریگی۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019جمعرات 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اورجنوبی افریقا کے درمیان افتتاحی میچ سے شروع ہو رہا ہے۔ ڈیڑھ ماہ تک جاری رہنے والے عالمی میلے میں 10 ممالک انگلینڈ اینڈ ویلز کے 11 وینیوز پر 48 میچز میں ایک ٹرافی کے لیے جنگ کریں گے۔ فاتح ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ40لاکھ ڈالر انعامی رقم بھی ملے گی۔ ریکارڈ 5 مرتبہ کا ورلڈ کپ چیمپئن آسٹریلیا اعزاز کا دفاع کرے گا۔

پاکستان اپنی ورلڈ کپ مہم جمعہ31 مئی کو ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔ اسی دن برسٹل میں آسٹریلیا اعزاز کا دفاع افغان ٹیم کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔ نیوزی لینڈ اپنا پہلا میچ یکم جون کو سری لنکا سے کارڈف میں کھیلے گا۔ دو جون کو بنگلہ دیش کا پہلا میچ اوول گراونڈ میں جنوبی افریقا سے ہو گا۔ پاکستان اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔پاکستان اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو سری لنکا، 12 جون کو آسٹریلیا، 16 جون کو بھارت، 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا۔دومرتبہ کا فاتح بھارت میگا ایونٹ کا آغاز پانچ جون کو ساتھمپٹن میں جنوبی افریقا کے خلاف کرے گا۔ورلڈ کپ فارمیٹ کے مطابق ایونٹ میں شریک10 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔

ہر ٹیم کو پہلے مرحلے میں9 میچز ملیں گے۔4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم 2 ملین یعنی 20 لاکھ ڈالرز انعام وصول کرے گی۔ ورلڈ کپ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو 8، 8 لاکھ ڈالرز جب کہ لیگ میچز جیتنے والی ٹیموں کو 40، 40 ہزار ڈالرز ملیں گے۔لیکن 2015 کے ورلڈکپ فارمیت کے تحت ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کی صورت میں فاتح ٹیم زیادہ سے زیادہ 40 لاکھ 20 ہزار ڈالرز انعامی رقم جیت سکتی تھی ۔ کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار انیس کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان بھی ہو چکا ہے جسکے مطابق پاکستان کے علیم ڈار مسلسل پانچویں ورلڈ کپ میں امپائر نگ کے فرائض انجام دینگے ۔ علیم ڈار اب تک ایک سو اٹھانوے ون ڈے میچ سپروائزکر چکے ہیں اور عالمی کپ کے دوران اپنی ڈبل سنچری مکمل کرینگے۔کرس براڈ، ڈیوڈ بون، اینڈی پیکروفٹ، جیف کرو، رنجن مدھوگالے، اور رچی رچرڈسن ریفری کے فرائض سر انجام دینگے۔آئی سی سی کے مطابق انگلینڈ میں اگلے ماہ سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے اڑتالیس میچز کیلئے 16 امپائرز اور 6 میچ ریفریز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے کمنٹیٹرز کے ناموں کا اعلان بھی ہو چکا ہے جسکے مطابق رمیز راجہ وسیم اکرم، گریم سمتھ، شان پولاک، میل جونز، مائیکل کلارک، مائیکل سلیٹر، مارک نکولس، ہرشا بھوگلے، سارو گنگولی سنجے منجریکر، ایسا گوہا، ناصر حسین، ایلیسن مچل، مائیکل اتھرٹن، ای این وارڈ، سائمن ڈول، برینڈن میکلم، ای این سمتھ، اطہر علی خان، کمار سنگاکارا، پومی ایم بنگوا مائیکل ہولڈنگ اور ای این بشپ شامل ہیں۔اس مرتبہ ورلڈ کپ کے کمنٹری پینل میں تین خواتین کمنٹیٹرز ایسا گوہا، میل جونز اور ایلیسن مچل بھی شامل ہیں۔

error: Content is protected !!