چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپئن شپ 23 سےشروع ہو گی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپئن شپ 23 سے 27 جولائی تک پی اے ایف یاٹ کلب کراچی میں ہوگی۔پاکستان ایئر فورس کے زیراہتمام ہونے والی چیمپئن شپ میں مختلف عمر کے مرد اور خواتین کھلاڑی مختلف ایونٹس میں حصہ لیں گے، کوشش ہوگی کہ اس ایونٹ کو شاندار اور یادگار بنایا جائے جس کیلئے ہر سہولت فراہم کریں گے۔چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دنیا کے16 ممالک کے72سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار ایئر کموڈور صبیح ولی الرحمان نے مقامی ہوٹل میں پریس بریفنگ میں کیا، اس موقع پر کیپٹن (ر) اے آر ارشد، ونگ کمانڈر عدیل اسلم خان اور دیگر بھی موجود تھے۔صبیح ولی الرحمان نے کہا کہ چیمپئن شپ کے شاندار انعقاد کیلئے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں، کئی ماہر اور عالمی شہرت یافتہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے، ان کی آمد سے اس کھیل میں پاکستان کا مثبت پیغام دنیا بھر میں پہنچے گا۔سیلنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے پی اے ایف یاٹ کلب کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ کلب پاکستان کا تاریخی اور یادگار وینیو ہے۔ پاکستانی ایونٹ میں شرکت کے لئے 16ممالک کے کھلاڑیوں نے تصدیق کردی ہے۔ایونٹس کیلئے انٹرنیشنل ججز پر مشتمل جیوری تشکیل دی گئی ہے، جو یونان، کروشیا، بیلجیئم اور دیگر ممالک پر مشتمل ہوگی۔اس سلسلے میں ٹیکنیکل معاونت کیلئے پاکستان سیلنگ آفیشلز کیپٹن (ر) اے آر ارشد اور ونگ کمانڈر عدیل اسلم خان معاونت کریں گے۔صبیح ولی الرحمان نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کی یوتھ کو اس کھیل میں آگے بڑھایا جائے۔ پی اے ایف یاٹ کلب میں پاکستان یوتھ سیلنگ ایسو سی ایشن کے تعاون سے گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف کیٹگریز میں15 سیلنگ کورسز کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔

تعارف: newseditor