کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نصب کئے جانے والے آنرز بورڈ پر بابر اعظم اور عثمان خان شنواری کے نام بھی آویزاں کردئیے گئے۔ نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے 115 رنز اسکور کئے تھے اور اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے ان کا نام آنرز بورڈ میں دیگر بیٹسمینوں کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح 5 وکٹیں حاصل کرنے پر عثمان خان شینواری کا نام بالرز کے آنرز بورڈ میں موجود دیگر بالرز کے ناموں کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے ون ڈے کے نتائج والے بورڈ پر پاکستان اور سری لنکا کے میچ کا نتیجہ بھی تحریر کر دیا گیا ہے۔ یہ میچ پاکستان نے 67 رنز سے جیتا ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں آنرز بورڈ حال ہی میں نصب کئے گئے ہیں جس پر ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سنچریاں اسکور کرنے والے بیٹسمین اور باؤلنگ کے شعبے میں پانچ یا پانچ سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے بالرز کے نام درج کئے جاتے ہیں جبکہ اب تک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچوں کے نتائج بھی بورڈ پر تحریر ہیں۔ آنرز بورڈ سب سے پہلے لارڈز کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم میں آویزاں کئے گئے تھے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اب نیشنل اسٹیڈیم میں بھی یہ بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں اس قبل یہ بورڈ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھی آویزاں کئے جا چکے ہیں۔