سیکرٹری سپورٹس کامران رحمان کا نیشنل گیمز کے مختلف وینیوز کا دورہ

پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سپورٹس کامران رحمان نے گزشتہ روز نیشنل گیمز کے مختلف وینیوز کا دورہ کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبرپختونخوا اسفندیارخٹک’ڈائریکٹرآپریشن سید ثقلین شاہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اللہ خان’ڈائریکٹر ڈیوپلپمنٹ نعمت اللہ خان،اے ڈی منیر عباس، ڈی ایس او سید جعفر شاہ، شاہ فیصل سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں ‘سیکرٹری سپورٹس کامران خلیل نے پہلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں نیشنل گیمز کے وینیوز دیکھے’انہوں نے ایتھلیٹکس ٹارٹن ٹریک کا بھی دورہ کیا جہاں مختلف مقامات پر مرمت کا کام جاری ہے اس کے لئے خصوصی میٹریل دبئی سے منگوایا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے لالہ رفیق سپورٹس ایرینا’باکسنگ ایرینااور دیگر جمنازیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد وینیوز کو تیار کریں ‘سیکرٹری سپورٹس کامران خلیل نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں بھی نیشنل گیمز کے وینیوز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامات دیکھے اور اطمینان کا اظہار کیا ‘

انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز کے لئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی ‘انہوں نے کہا ہے نیشنل گیمز کو مثالی طور پر منعقد کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں ‘وینیوز پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ گیمز پاکستان کی بہترین گیمز قرار دی جائیں گی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ اسفندیار خٹک نے بتایا کہ ان گیمز میں اوپن ٹرائلز رکھے گئے جس میں قبائلی اضلاع کے پلیئرز کو بھی دعوت دی گئی اور انہوں نے بھی ان میں بھرپور شرکت کی اور شفاف ٹرائلز کے ذریعے ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ‘مختلف کھیلوں کے کیمپ جاری ہیں ‘کیمپوں اور ٹرائلز کے لئے بھی بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں تمام ایسوسی ایشنز ان کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہیں اور ان گیمز کو کامیاب بنانے کے لئے پرعزم ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان گیمز سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بھرپور مواقع ملیں گے اور یہی کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

error: Content is protected !!