33ویں نیشنل گیمز کی مشعل حوالگی کے حوالے سے واپڈا ہائوس میں تقریب کا انعقاد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)33ویں نیشنل گیمز کی مشعل حوالگی کی تقریب آج واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی ۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے مشعل چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کے حوالے کی۔ نیشنل گیمز کی مشعل پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں واپڈا کی خدمات کے اعتراف میں دی گئی۔ واپڈا ہائوس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے عہدیداروں کے علاوہ کھلاڑیوں نے شرکت کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ، اس سے وابستہ کھیلوں کی تنظیموں اور اداروں کی محنت اور کوشش کی بدولت پشاور میں 33ویں نیشنل گیمز کامیابی سے منعقد ہوں گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا پاکستان میں کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سمیت واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں 2ہزار 200سے زائد کھلاڑیوں او رکوچز کو ملازمت حاصل ہے۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 66ٹیمیں ہیں، جن میں مردوں کی 37جبکہ خواتین کی 29ٹیمیں شامل ہیں۔ اس وقت واپڈا کی 30ٹیمیں نیشنل چیمپین جبکہ 22ٹیمیں رنرز اپ ہیں۔واپڈا نے ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتربنانے اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کے لئے چار سکیمیں بھی متعارف کرائی ہیں جن میں واپڈا سپورٹس انڈائومنٹ فنڈ ، واپڈا اتھلیٹکس کولٹس ، فوکس آن فٹنس اینڈ فیلڈنگ اور ٹی12-کرکٹ شامل ہیں۔

تعارف: newseditor