پشاور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان آرمی کے ندیم حسن نے دو گھنٹے24منٹ اور دو سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ طے کر کے33ویں قومی کھیلوں کی میرا تھن ریس چمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ۔
کرنل شیر خان انٹر چینج صوابی سے شروع ہو کر دوبارہ اسی مقام پر اختتام پذیر ہونے والی 44کلو میٹر کی اس طویل ترین ریس میں مقابلوں میں شریک تمام ٹیموں کے
22کے قریب اتھلیٹس نے حصہ لیا پاکستان آرمی کے ندیم حسن اپنے بہتر سٹیمنے اور مہارت کی بناء پر اس طویل ترین میراتھن ریس کا مقررہ فاصلہ(2-24-2)یعنی دو گھنٹے 24منٹ اور 2سکینڈز میں طے کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے
پنجاب کے نوشیروان عاشق دو گھنٹے 29منٹ اور17سیکنڈز کے ساتھ5منٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے اور چاندی کے تمغے کے حقدار قرار پائے جبکہ پاکستان واپڈا کے شیر خان دو گھنٹے36منٹ اور 8سکینڈز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے
اور کانسی کا تمغہ ان کے حصے میں آیا آرمی کے اسرار احمد نے ان مقابلوں میں دو گھنٹے40منٹ اور 12سکینڈز کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ متعدد اتھلیٹس کی ہمت راستے میں ہی جواب دے گئی اور وہ اپنا سفر مزید جاری نہ رکھ سکے۔