برسبین(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی 142سالہ تاریخ کے بدترین ریکارڈ کے مالک بن گئے ہیں ۔33سالہ یاسر شاہ نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ کے دوران 48.2اوورز میں205رنز دے کر4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی 142سالہ تاریخ میں ایک اننگز میں3مرتبہ 200سے زیادہ رنز کھانے والے تاریخ کے پہلے باؤلر بن گئے ۔
ان سے قبل سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق اور سابق بھارتی آل راؤنڈروینود مینکڈ نے اپنے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران 2،2مرتبہ ایک ٹیسٹ اننگز میں 200سے زیادہ رنز کی پٹائی برداشت کی تھی ۔ ان کے علاوہ یہ منفی ریکارڈ ایک ایک مرتبہ بنانے والے پاکستانی باؤلرز میں فضل محمود،حسیب احسن اور خان محمد شامل ہیں ۔
یاسر شاہ آسٹریلیوی سرزمین پر دو مرتبہ ایک ٹیسٹ اننگز میں200سے زیادہ رنز کھانے والے پہلے باؤلر بھی بن گئے ہیں ،برسبین ٹیسٹ سے قبل 2016ءمیں بھی انہوں نے میلبورن ٹیسٹ کے دوران41اوورز میں207رنز دیکر3وکٹیں حاصل کی تھیں ،ان کے علاوہ سری لنکا کے لیجنڈری آف سپنر متیاہ مرلی دھرن اور سابق کینگرو فاسٹ باؤلر بریٹ لی بھی آسٹریلیوی سر زمین پر ایک ،ایک مرتبہ ٹیسٹ اننگز میں 200سے زیادہ رنز دے چکے ہیں ، مرلی دھر ن نے1995ءمیں پرتھ ٹیسٹ کے دوران54اوورز میں224رنز دیکر2وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بریٹ لی نے بھارت کے خلاف 2004ءمیں سڈنی ٹیسٹ میں 39.3اوورز میں201رنز کے عوض4شکار کیے تھے ۔