پریمئر سپر لیگ ایڈیشن تھری ،ڈیسکون، نیٹسول، یو سی ایس اور ڈی پی ایس نے حریف ٹیموں کو پچھاڑ کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پریمئر سپر لیگ تیسرے ایڈیشن میںڈیسکون، نیٹسول، یو سی ایس اور ڈیجیٹل پلاننگ سروسز نے حریف ٹیموں کو پچھاڑ کر سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرلی ۔ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ اور اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں پریمئر سپر لیگ کے چار کوارٹر فائنل میچز کھیلے گئے۔

ایل سی سی اے کرکٹ گرانڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں یو سی ایس نے کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیدی۔ سی جی اے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ محسن قریشی نے 80 رنز کی اننگز کھیلی ۔ یو سی ایس نے مطلوبہ ہدف باآسانی 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ نیک محمد نے 30 گیندوں پر 85 رنزکی نا قابل شکست اننگزکھیلی اورمیچ کے بہترین کھلاڑی کااعزاز حاصل کیا۔ ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈی پی ایس نے جاز کو 53 رنز سے شکست دی۔

ڈی پی ایس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ امتیاز انورنے 59 رنز بنائے جبکہ شاہد نوید نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں جاز کی ٹیم 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آل رائونڈ کارکردگی پر فیض محمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میں نیٹسول کی ٹیم نے الائیڈبینک کو وکٹوں سے شکست دی۔ الائیڈ بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ نیٹسول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 7وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

شاندار بلے بازی پر شہزادعلی میچ کو میچ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسی میدان میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈیسکون کی ٹیم نے ایبکس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی ۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ حامد رضا نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ڈیسکون کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف با آسانی 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عثمان وحید نے 51 رنز بنائے اورمیچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا ۔ سیمی فائنل میچز اگلے ہفتے لاہور کی بہترین گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے

تعارف: newseditor