لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔ 51سالہ علیم ڈار نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے عمرے کی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ مسجد نبوی ﷺ میں کھڑے دکھائی دے رہے ہیں ۔
یاد رہے کہ علیم ڈار نے حال ہی میں سٹیوبکنر کے 128 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔
3 بار لگاتار دنیا کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار نے ویسٹ انڈیز کے سابق مشہور زمانہ امپائر سٹیوبکنر کے 128 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، علیم ڈار نے ٹیسٹ میچز کا ریکارڈ برابر کرنے کو پاکستان اور اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ ایشز سیریز کے لارڈز،لندن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انجام دیا۔
51 سالہ علیم ڈار کا کہنا ہے کہ سٹیو بکنر میرے رول ماڈل ہیں، ان کے ٹیسٹ میچز کے ریکارڈ کو برابر کرنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، 206 ایک روزہ اور 43 ٹی ٹونٹی میچوں میں امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار نے پی سی بی اور اپنے کلب پی اینڈ ٹی جم خانہ کا شکریہ ادا کیا۔علیم ڈار نے آئی سی سی کے ساتھ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سپورٹ کی بدولت ہی یہ کارنامہ انجام دینے کے قابل ہوا ہوں۔