ایڈیلیڈ(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا، میزبان ٹیم آسٹریلیا کو دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے اننگز اور 5 رنز سے کامیابی حاصل کی، واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم اس سے قبل تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں گرین شرٹس کو 2-0 سے ہرا چکی ہے۔
پاکستان ٹیم ایڈیلیڈ میں پہنچ چکی ہے جہاں گرین شرٹس کے کھلاڑیوں نے میچ سے قبل ایڈیلیڈ میں بھرپور پریکٹس کی، پاکستانی کھلاڑی کینگروز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے تیاریوں میں مصروف رہے اور انہوں نے تینوں شعبوں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی، آسٹریلیا میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کے خلاف اب تک 36 میچز کھیلے جس میں سے صرف 4 ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ کینگروز نے 25 میچز اپنے نام کئے اور 7 میچز بے نتیجہ رہے۔
پاکستان ٹیم آخری مرتبہ 1995ء میں کینگروز کے خلاف اس کی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ پاکستانی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی ۔ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض ٹم پین انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر، مچل سٹارک، نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔