کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کوشش ہے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فارم کو بحال کروں، لمبی اننگزکھیلنا چاہتا تھا، خوشی ہے اس میں کامیاب ہوا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم میں واپسی کی امید ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ فواد عالم کو ڈبل سنچری اور 12 ہزار رنز مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، فواد عالم میرے دور میں بھی واپسی کے قریب تھا، اُس کی مثبت بات ہے کہ وہ ہمت نہیں چھوڑتا۔
سابق کپتان نے کہا کہ لمبی اننگز کا انتظارتھا، کوشش ہوتی ہے کہ وکٹ پر زیادہ وقت گزاروں۔سرفراز احمد نے آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسا بیٹسمین ہے جو کم بیک کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈیلیڈ میں یاسر شاہ کا پلہ بھاری رہ سکتا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں جیت کے لیے 20 وکٹیں لینا ضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ جب قسمت میں ہوگا ٹیم میں واپس آجاؤں گا۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے میچ میں سندھ کے کپتان سرفرازاحمد نے سدرن پنجاب کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی۔ جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5 سال بعد اُن کی پہلی سنچری ہے۔