لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلش ٹیم کے آف سپنر معین علی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 5 میں شرکت کے لیے بیتاب ہوں۔برطانوی کرکٹر معین علی کا کہنا ہے کہ ایک عرصہ سے خواہش تھی کہ پی ایس ایل میں شرکت کروں، اگر کسی فرنچائز نے منتخب کیا تو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ کے قریبی رشتہ دار پاکستان میں رہتے ہیں،ایک عرصہ بعد ان سے ملاقات اور پرحوش شائقین کے سامنے کھیلنے کا موقع ملے گا۔
معین علی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ میچز کے دوران شاندار ماحول دیکھنے میں آتا ہے، کرکٹرز بھی ہوم گراونڈز پر اپنے ملکی پرستاروں کے سامنے پرفارم کرنا پسند کریں گے، انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، امید ہے کہ جلد ہی پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع ہوجائیں گی۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 5واں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا ،لیگ اگلے سال20فروری سے22مارچ کے درمیان 4ملکی میدانوں میں کھیلی جائے گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی ۔