پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ)یوفون خیبرپختونخوا فٹبال ٹورنامنٹ کے سٹی کوالیفائرز تمام 21 شہروں میں اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔ لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک ، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، مالاکنڈ، سوات ، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرک، اپر دیر اور لوئر دیر، نوشہرہ اور چارسدہ کے بعد صوابی ، چترال اور بنوں کے سٹی چیمپیئنز کے بھی نتائج سامنے آگئے ہیں ۔ اب یہ 21 سٹی چیمپیئنز ٹیمیں ایلی منیٹرز میں اپنے متعلقہ چار ریجنز ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور اور کوہاٹ میں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی اور ہر ریجن سے اولین دو ٹیمیں سپر آٹھ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔ سپر آٹھ مرحلہ، سیمی فائنلز اور فائنل پشاور کے طہماس خان فٹبال اسٹڈیم میں 13 دسمبر سے شروع ہوں گے ۔
سٹی لیول پر ڈی ایف اے ویٹیرن ایف سی کو ڈی ایف اے چترال ایف سی کی جانب سے یک طرفہ مقابلے میں شکست دی گئی۔ اس میچ میں ڈی ایف اے چترال نے صفر کے مقابلے میں چار گول اسکور کئے۔ یہ میچ گورنمنٹ اسکول پریڈ فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ رسول نے میچ کے پہلے ہاف میں دو گول اسکور کئے اور اپنی ٹیم کی فتح مستحکم بنائی۔ بعد میں ان کے ساتھی ضیاء اور اظہار نے مزید دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنادی۔
صوابی کے بخمیل اسٹیڈیم میں کاکاخیل ایف سی نے وصال ریڈ ایف سی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ کاکاخیل ایف سی کے نوید، اظہار اور جاوید نے میچ کے ابتدائی دس منٹ میں یکے بعد دیگرے تین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو نمایاں برتری دلادی۔ بعد میں کھیل کے 29 ویں منٹ میں حریف وصال ایف سی کے جانزیب نے اپنی ٹیم کی طرف سے واحد گول اسکور کیا۔ کاکاخیل ایف سی کے اظہار نے میچ کے 35 ویں منٹ میں مزید ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی اور فاتح ٹیم نے صوابی سٹی چیمپیئنز کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
اسی طرح بنوں کے میدان گراؤنڈ میں بنوں ریڈ ایف سی اور ملک سعد اکیڈمی ایف سی کے درمیان سٹی ٹائٹل کا میچ کھیلا گیا۔ ملک سعد اکیڈمی ایف سی کے عامر نے میچ کا واحد گول اسکور کیا۔ میچ میں آخر تک تیزی رہی تاہم حریف ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
اس ٹورنامنٹ میں یوفون کے برانڈ ایمبسڈرز اور فٹبال اسٹارز جدید خان پٹھان اور ریاض احمد نے مختلف اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے دورے کئے اور طالب علموں کو کوچنگ اور رہنمائی فراہم کی ۔اس موقع پر طالب علموں کو دلچسپ کھیلوں میں حصہ لینے اور انہیں فٹبال کپ سے متعلق تحائف جیتنے کا موقع ملا۔
یوفون کی جانب سے خیبرپختونخوا میں یہ پہلی چیمپیئن شپ ہے ۔ اس حوالے سے بلوچستان میں سال 2017 سے اب تک تین ٹورنامنٹس منعقد ہوچکے ہیں اور انہیں بلوچستان کے نوجوان طبقے میں بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ خیبرپختونخوا میں اس چیمپیئن شپ کے انعقاد سے پاکستانی ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کا عزم نمایاں انداز سے سامنے آیا ہے۔