لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پریمئر سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میںڈیسکون اور نیٹسول نے حریف ٹیموں کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ، سیمی فائنل میں یو سی ایس اور ڈی پی ایس شکست کھا کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہو ئیں۔ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں پریمئر سپر لیگ کے سیمی فائنل میچ کھیلے ۔ پہلے سیمی فائنل میں ڈیسکون نے یو سی ایس کو 70 رنز سے شکست دی۔
ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے، سلمان صادق نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ جواب میں یو سی ایس کی ٹیم 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ وسیم ولیم نے مخالف ٹیم کے 4اور فہیم مختار بٹ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سلمان صادق کو شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں نیٹسول نے ڈی پی ایس کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔ ڈی پی ایس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ شاہد علی نے 4اور فراز حسن نے 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
نیٹسول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ خرم بلال نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ خرم بلال کو شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پریمئر سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل اگلے ہفتے ڈیسکون اور نیٹسول کے مابین کھیلا جائے گا۔