ایڈیلیڈ(اسپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ ناکامی پر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے قوم کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل میں ہار اور جیت ہوتی ہے اور ایک ناکامی سے دنیا ختم نہیں ہو گئی لہٰذا قوم کو صبر کرنا چاہئے جس کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راتوں رات سب کچھ ٹھیک نہیں کیا جا سکتا کیونکہ پاکستانی ٹیم نوجوان پلیئرز پر مشتمل ہے جس کو قدم جمانے میں کچھ وقت لگے گا۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ملکی ڈومیسٹک کرکٹ پر مسلسل باتیں کی جا رہی ہیں جسے بہتری کیلئے کچھ وقت دیا جائے اور کوچز کی تبدیلی کے مطالبات نہ کئے جائیں کیونکہ محض کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی سے فوری طور پر دنیا کو ہرانے کے قابل نہیں ہو جاتے اور ویسے بھی کسی ناکامی کے بعد ٹیم انتظامیہ کو اچانک رخصت نہیں کیا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے آسٹریلیا کیخلاف عمدہ اننگز کھیل کر خود کو ٹیسٹ معیار پر منوا لیا اور اگرچہ پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اچھا آغاز نہیں کیا لیکن کھلاڑیوں میں جذبہ موجود ہے جو بہتر ہو جائیں گے کیونکہ ناکامی میں بھی کچھ مثبت پہلو سامنے آئے ہیں۔