کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر جاری 12ویں نیشنل وومین فٹبال چمپئن شپ کے گروپ ’3‘میں 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ کراچی یونائیٹڈ نے سندھ کی ٹیم کو 1-12اور کراچی ککرز نے سی ڈی ایس ایس کو 1-13سے شکست دے کر تین تین قیمتی پوائنٹس اپنے کھاتے میں درج کرالئے۔ کراچی یونائیٹڈ کی جانب سے نینا زہری، فاطمہ اور علیحہ الہ دین نے ہیٹرک اسکو کی جبکہ ایشال نے 2اور ایک گول نقہیہ علی نے ایک گول اسکو کیا۔
سندھ کی ٹیم کا واحد گول مدیحہ نے بنایا۔ دوسرے میچ میں کراچی ککرز کو بھی 1-13سے آسان کامیابی حاصل ہوئی جب سی ڈی ایس ایس کی ٹیم کوئی مزاحمت نہ کرسکی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ملیحہ اور اریبہ عزیز نے ہیٹرکٹ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائمہ، رمشا سمیع اور ماہ نور نے 2,2بار گیند کو جال کی راہ دکھائی اور سعدیہ نے ایک گول اسکور کیا۔ رباب عارف نے ناکام سائیڈ کا واحد گول بنایا۔
ریفری ارسلان شریف(فیفا)، شوکت حسین، سلیم الدین بابر، نصیر الدین، راشد عبداللہ جبکہ جاوید بنگش ریفریز ایسیسراور عبدالکریم میچ کمشنر تھے۔ایونٹ کوارڈنیٹر ریاض احمد کے مطابق گروپ ’1‘ اور گروپ ’2‘ کے میچز جو کہ کے ایم سی اسٹیڈیم پر شیڈول تھے۔ اب ان گروپس کے میچز کے پی ٹی گراؤنڈ پر 2تا7دسمبر کے پی ٹی گراؤنڈ پر ساڑھے 3بجے سہہ پہرکھیلے جائیں گے۔ جملہ شریک ٹیموں کے آفیشلز کو نئے وینیو کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔