اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری قومی ویمن فٹ بال چیمپین شپ کے لاہور سنٹر سے پاکستان واپڈا اور پنجاب کی ٹیموں نے فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فائنل رائونڈ 17 دسمبر سے جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ماڈل ٹاؤن کلب لاہور نے پنجاب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے ہرا دیا۔
وقفے تک دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول سے برابر رہیں، دوسرے ہاف کے 12 ویں منٹ میں ماڈل ٹاؤن کلب کی شمائلہ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔ پنجاب کی کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ لاہور سنٹر میں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، پاکستان واپڈا، ینگ رائزنگ سٹار لیہ اور ماڈل ٹاؤن کلب لاہور شامل تھیں۔ ریفری کے فرائض محمد اسلم، محمد ارشد، اقبال اور شازیہ رمضان نے جبکہ میچ کمشنر کے وحید مراد نے انجام دیئے۔