کھٹمنڈو (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نے بھارت کو ساؤتھ ایشین گیمز کے سکواش ایونٹ کے مینز فائنل میں شکست د ے کر ایک اور گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ہے ۔کھٹمنڈو میں جاری گیمز میں پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف 1کے مقابلے میں2سیٹس سے کامیابی حاصل کرکے گولڈ میڈلز کی تعداد 32تک پہنچادی۔ گیمز کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے مجموعی تمغوں کی تعداد 124 ہو گئی، ان میں 32 گولڈ، 37 چاندی اور55 کانسی کے میڈلز شامل ہیں، پیر کو 2 طلائی تمغے جوڈو کی بدولت پاکستان کے حصہ میں آئے۔حامد علی نے100 کلوگرام سے زائد ویٹ کیٹگری میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتا جب کہ شاہ حسین شاہ نے100 کلوگرام مائنس کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیت کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔
اسی طرح پاکستانی کھلاڑی 4 سلور میڈلز بھی جیتنے میں کامیاب رہے۔ یہ میڈل پاکستان نے جوڈو، سوئمنگ اور باکسنگ میں حاصل کئے۔جوڈو میں پاکستان کے حصہ میں 2سلور میڈلز آئے، قیصر خان نے90 کلوگرام ویٹ کیٹگری جب کہ کرامت بٹ نے 81 کلوگرام میں جیتے، سوئمنگ میں بسمعہ خان نے 200 میٹر انفرادی میڈلے میں پاکستان کی طرف سے سلور میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
باکسنگ کے 91 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں ثناء اللہ نے پاکستان کے لئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اسی طرح پاکستانی پلیئرز کانسی کے بھی 4 میڈلز جیتنے میں کامیاب رہے۔ جوڈو میں بینش خان نے تیسری پوزیشن حاصل کیں جب کہ بیچ والی بال، کبڈی اور سوئمنگ کی ٹیمیں بھی پاکستان کے لئے کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ مجموعی طور پر بھارت 266 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے، نیپال دوسرے اور سری لنکا تیسرے نمبر پر ہے۔