راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)چیف ایگزیکٹوپی سی بی وسیم خان نے سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستانی شائقین کو ایک اورخوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ بھی آئندہ سال پاکستان ٹیم بھیجنے پر راضی ہو گیا ہے۔وسیم خان نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے جنوبی افریقہ کو آئندہ سال مارچ میں تین ٹی 20میچز کھیلنے کی دعوت دی تھی جس پر جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے رضامندی ظاہرکی اور وہ اپنے کھلاڑیوں سے دورہ پاکستان کے بارے میں بات چیت کر رہاہے۔
وسیم خان نے مستقبل قریب میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت سیریز دونوں حکومتوں کا معاملہ ہے اور جب تک دونوں ملکوں کی حکومتیں تیار نہیں ہوتیں، اس وقت تک اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکتی۔یاد رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں سے پی سی بی کوششیں کر رہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے ، جس کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کچھ سینئر کھلاڑیوں کو دورے پر تحفظات ضرور تھے لیکن اب یہ تحفظات دور ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تمام سینئر کھلاڑی پاکستان کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے جن میں شکیب الحسن، مشفیق الرحیم زیر فہرست ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے جہاں اسے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے پاکستان کی وجہ سے بھی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی ہے۔