پشاور (عاصم شیراز) خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور اور صوبے کے دیگر شہروں میں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد صوبے بھر میں تحصیل سطح پر خیبر پختونخوا گیمز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی فاتح ٹیمیں اضلاع کی سطح پر 32 گیمز میں حصہ لیں گی۔ یہ فیصلہ سپورٹس مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو سینئر وزیر کھیل محمد عاطف خان کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خان خٹک ڈائریکٹرسپورٹس قبائلی اضلاع محمد نواز خان ، ڈائریکٹر آرپریشن سید ثقلین شاہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اﷲ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ منیر عباس، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد ، , اور محکمہ کھیل کے دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کے فیصلوں کے مطابق خیبر پختونخوا گیمز تحصیل سطح سے شروع ہوں گی جن کی فاتح ٹیمیں اضلاع کی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گی اور اضلاع کی فاتح ٹیمیں انٹر ریجنل مقابلوں میں شریک ہوں گی ۔ گیمز تین مراحل پر مشتمل ہوں گی جن میں 22 ہزار 900 سے زائد مرد وخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پہلے مرحلے میں چھ گیمز فٹ بال، والی بال، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کبڈی اور رسہ کشی میں مرد کھلاڑی حصہ لیں گے۔ دومرحلے میں 3616 کھلاڑی ہاکی، ٹیبل ٹینس، جوڈو، کراٹے، تائیکوانڈو، ریسلنگ، باسکٹ بال، جمناسٹک، ووشو، ویٹ لیفٹنگ،4 262خواتین کھلاڑی سات گیمز والی بال، نیٹ بال، اتھلیٹکس، رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ میں حصہ لیں گے۔
انٹر ر یجنل تیسرے مرحلے میں 2200 مرد کھلاڑی 14 گیمز باسکٹ بال، ہینڈ بال، ٹینس، آرچری، فٹ بال، ہینڈ بال، تیراکی، سائیکلنگ، سنوکر، باڈی بلڈنگ، فل باڈی کنٹیکٹ کراٹے، باسکنگ، سکواش، چک بال، خواتین کھلاڑی بیس بال، ہاکی، سکواش، ٹینس، آرچری، ووشو، جوڈو، تائیکوانڈو اور ہینڈ بال میں حصہ لیں گے۔ اجلاس میں گیمز میں جیتنے والے کھلاڑیوں کے لئے انعامی رقم 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار علی الترتیب ایک لاکھ، 50 ہزار اور 25 ہزار تک بڑھایا گیا۔ خواتین کھیلوں کے فروغ کے لئے ڈائریکٹر خواتین سپورٹس رشیدہ غزنوی کی سربراہی میں فرنٹیئر کالج کی ڈائریکٹریس سپورٹس گل صنوبر اور کھلاڑی نورینہ شمس پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اس مقصد کے لئے منصوبہ تیار کرے گی۔ گیمز کا افتتاح اگلے مہینے کیا جائے گا پہلے سال کے لئے 360.24 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ گیمز کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا جس میں سے نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے قومی اور عالمی مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔
اجلاس میں کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے ایک سو کوچز بھرتی کرنے کی باضابطہ منظوری دی گئی جن میں فزیو تھراپسٹس اور سائیکالوجسٹس بھی شامل ہوں گے۔اجلاس میں بین الاقوامی کوچز کی خدمات حاصل کرنے پر غور کے علاوہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لئے سالانہ بنیادوں پر بجٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیر محمد عاطف خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں خواتین کو آگے لانے کے لئے بھی کوچز بھرتی کئے جائینگے، محکمہ کھیل کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس سکیم بھی زیر غور ہے جس سے انہیں انجری کی صورت میں مدد مل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر صوبے کے کھلاڑیوں کو صوبائی حکومت سپانسر کریگی، میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو اگلے مہینے سے ماہانہ اعزازیہ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، 20 ہزار گولڈ میڈل، 15 ہزار سلور اور 10 ہزار براونز میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو دیا جائیگا، ۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختون خوا میں کھیلوں کے فروغ پر 26 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں، ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ساڑھے ارب روپے سکیم کی منظوری دی جا چکی ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ سکولز گیمز کے فروغ کے لئے محکمہ تعلیم کے ساتھ اجلاس کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ہر قسم تعاون کریں گے۔خیبر پختونخوا گیمز کے ساتھ ڈویژنوں میں روایتی اور پیرا لمپک گیمز بھی منعقد کی جائیں گی۔