اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کےصدر سید اظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے اور وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی ساوتھ ایشین گیمز میں شرکت سے کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند ہوئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں شرکت کرکے کھلاڑیوں کے دل جیت لئے، اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے کھیل کے میدانوں میں حوصلے بھی بلند ہوئے اور کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کے ساتھ میدانوں میں اتر کر ملک و قوم کا نام بلند کیا۔
سیداظہر علی شاہ نے کہا کہ سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے کہ جس نے سائوتھ ایشین گیمز سے قبل نیشنل گیمز منعقد کروانے کے لئے رقوم اور سہولیات فراہم کیں۔ نیشنل گیمز کے انعقاد نے کھلاڑیوں کی کارگردگی پر اچھے اثرات مرتب کئے۔ حکومت کی جانب سے وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی کو قومی دستے کے ساتھ نیپال بھیجنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ خوش آئند، بہت بہتراور اچھا تھا، اکبر حسین درانی نے کھیل کے میدانوں میں جا کر کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات بروقت فراہم کیں۔
سائیکلنگ ٹیم کی سائوتھ ایشین گیمز میں نہ شرکت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سید اظہر شاہ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے نہ بھیج کر کھلاڑیوں اور عوام کے ساتھ ناانصافی کی ہے جس کا ذکر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی اپنے گذشتہ دنوں جاری بیان میں کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ فٹ بال اور سائیکلنگ کے ٹیمیں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی کوتاہی کے باعث سائوتھ ایشین گیمز میں حصہ نہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سائیکلنگ ٹیم کو سائوتھ ایشین گیمز میں بھیجا جاتا تو یقینا اس گیمز میں بھی میڈلز حاصل کئے جاسکتے تھے کیونکہ2006 سے 2016 ءتک کی تمام سائوتھ ایشین گیمز میں بھی پاکستان سائیکلنگ کی ٹیمز نے میڈلز حاصل کررکھے ہیں۔