لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ ٹورنامنٹ سپانسرڈ بائی سامبا بینک ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ ٹورنامنٹ سپانسرڈ بائی سامبا بینک ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس کو 6-5 سے ہرا دیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی سی ای او اور صدر سامبا بینک شاہد ستار تھے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہ رفیع عالم کی بیوہ مسز تمیز عالم، لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میر شعیب احمد، آغا نجیب رضا، سیکرٹری کرنل (ر) مدثر شریف، سامبا بینک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ عمر لیاقت، بینک کی مینجمنٹ جنرل شاہ رفیع عالم کے بیٹے شاہ قبلائی عالم، شاہ شمیل عالم اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس کے درمیان فائنل کافی دلچسپ رہا۔

پہلے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس نے دو گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی۔ دوسرے چکر میں ماسٹر پینٹس نے دو اور ڈائمنڈ پینٹس نے ایک گول سکور کیا جبکہ تیسرے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس نے دو اور چوتھے میں ماسٹر پینٹس نے دو گول سکور کیے۔ ڈائمنڈ پینٹس کی راجہ ارسلان نجیب نے تین گول، جیک ولیم ہائیڈ، میر شعیب احمد اور میر حذیفہ احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے میریانو ریگل نے چار، بلال حئی نے ایک گول سکور کیا۔سب سڈری فائنل میں باڑیز نے آخری لمحوں میں منوں پولو /گارڈ گروپ کو 6.5-6 گول کے فرق سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔

باڑیز کی طرف سے اریسنٹو ٹروٹز نے پانچ جبکہ جمیل باڑی نے ایک گول سکور کیا۔ منوں پولو/گارڈ گروپ کی طرف سے عامر رضا بہبودی نے پانچ اور ثاقب خان خاکوانی نے ایک گول سکور کیا۔ فائنل جیتنے والی ٹیم ڈائمنڈ پینٹس کے کپتان میر شعیب احمد نے کہا کہ محنت کی اور فائنل جیتا، ماسٹر پینٹس کی ٹیم کافی مضبوط تھی۔ خوشی ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور آخر میں میچ کافی کلوز رہا۔ سامبا بینک کے سی ای او اور صدر شاہد ستار کا کہنا تھا کہ پولو ایک تاریخی کھیل ہے اور اسے سپانسر کرکے ہمیشہ ہی اچھا لگتا ہے۔

تعارف: newseditor