کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پنڈی ٹیسٹ میں سنچری بنا کر نئی تاریخی رقم کرنے والے پاکستانی بیٹسمین عابد علی نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری کی خواہش ہے، بابر اعظم اور اسد شفیق نے بھی بڑی اننگز کھیلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ، اسپنر یاسر شاہ اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی کراچی ٹیسٹ میں فتح کے لیے پُرامید ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی ٹیسٹ سے قبل اوپن میڈیا سیشن کا انعقاد کیا، جس میں تین بیٹسمین اور تین بولرز نے گفتگو کی، مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم، اسد شفیق اور اوپنر عابد علی نے نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ کو بیٹنگ کے لیے ساز گار بتاتے ہوئے بڑی اننگز کھیلنے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستانی بولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور اسپنر یاسر شاہ نے کراچی ٹیسٹ میں کامیابی کی اُمید ظاہر کی۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے کراچی پہنچنے کے بعد آرام کیا، دونوں ٹیمیں منگل کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی، پاکستانی کوچ مصباح الحق اور سری لنکن کوچ مکی آرتھر پریس کانفرنس کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دوسرے ٹیسٹ میں 19 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا گیا، تاہم بارش سے متاثرہ یہ میچ بنا نتیجہ رہا۔میچ کی خاص بات بابر اعظم اور عابد علی کی سنچریاں تھی، عابد علی نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کی، انہوں نے پہلے کیریئر کے پہلے ون ڈے میں بھی سنچری اسکور کی تھی، یوں انہوں نے کھیل کے دونوں فارمیٹ میں ڈیبیو پر سنچری بنائی جو دنیائے کرکٹ میں ایک ریکارڈ ہے۔سری لنکا کے دھننجایا ڈی سلوا نے بھی عمدہ بیٹنگ کی، وہ 102 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔