نیشنل اسٹیڈیم کراچی 10 سال بعد ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے لیے تیار

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج(جمعرات)19سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 15 انکلوژرز پر مشتمل اسٹیڈیم میں کل 32 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اسٹیڈیم میں ڈریسنگ روم اور امپائرز روم کی تیاری کے علاوہ انکلوژرز میں سہولیات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ گھاس کی کٹائی اور اسکوائر کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔اس موقع پر کیوریٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی ریاض احمد کا کہنا ہے کہ دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ میچ کی واپسی ایک خو ش آئند عمل ہے اور بطور گرانڈاسٹاف وہ اس میچ کے لیے سازگار پچ کی تیاری کے لیے پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہ قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریزکا انعقاد بہترین کنڈیشنز میں ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ ، قائداعظم ٹرافی سیزن 20-2019 کے 4 میچز کی میزبانی کی ہے۔ اس کے علاوہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے متعدد میچز کی میزبانی بھی اسٹیڈیم کو کرنی ہے۔ریاض احمد نے کہا کہ وہ گذشتہ 12 سال سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک ہیں تاہم سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کی غرض سے وہ 3ماہ قبل ہی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں 10 سے زائد افراد پر مشتمل گرانڈ اسٹاف 19 دسمبر سے شروع ہونے والے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سخت محنت کررہا ہے۔کیوریٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے کہا کہ عموما گرانڈ اسٹاف 8 گھنٹے کی ڈیوٹی کرتا ہے تاہم ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے باعث ان دنوں انہیں 12 سے 14 گھنٹے بھی اسٹیڈیم میں کام کرتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ 19 دسمبر سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ تاریخی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کئی پہلوں سے یادگار رہے گا۔

error: Content is protected !!