کوالالمپور (سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ ویمن نے پاکستان ویمن کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے تیسرے اور آخری بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو 26 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی۔ پاکستان کی ٹیم 171 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، جویریہ خان کی ناقابل شکست نصف سنچری بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ انگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو کوالالمپور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بناکر پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 171 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ 43، ایمی جونز 37، رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، فران ولسن نے ناقابل شکست 29 اور ٹامی بیومونٹ ناقابل شکست 23 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستان کی طرف سے ڈیانا بیگ نے دو جبکہ عمائمہ سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب پاکستان کی خواتین ٹیم انگلش باؤلرز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی، جویریہ خان کے علاوہ کوئی کھلاڑی انگلش باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکیں۔
جویریہ خان نے ناقابل شکست 57 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں۔ سدرہ نواز نے ناقابل شکست 19 رنز بنائے۔ یوں انگلینڈ نے اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوٹنی میچ میں 26 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی۔ انگلینڈ کی انیا شروبسول اور سارہ گلین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلش ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ کو عمدہ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔