کراچی (ریاض احمد) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری نے بحیثیت مہمان خصوصی رینجرز اورلیثر لیگز کے ساتھ مل کر نہ صرف فٹ بال بلکہ باکسنگ کو بھی فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔مہمان خصوصی پیپلز اسٹیڈیم لیاری پرمنعقدہ ’’رینجرز شکریہ جناح باکسنگ چیمپین شپ 2019 ‘‘کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز اور لیثرلیگز کھیلوں بالخصوص فٹ بال اورباکسنگ کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔
ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا تھا کہ باکسنگ چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر ورلڈ گروپ اورلیثر لیگز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ رینجرز اور لیثر لیگز مل کر نہ صرف فٹ بال کے لئے کام کریں گے بلکہ ہم نے باکسنگ کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کا بھی فیصلہ بھی کیا ہے۔ڈی جی رینجرز نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ رینجرز اورلیثرلیگز لیاری میں کھیلوں کے میدانوں پر سہولیات کی بہتری کے لئے بھی مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ لیاری کے اسپورٹس مین اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں ۔
وہ نہ صرف لیاری اور کراچی کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں جوماضی میں ان کے پیشرووں نے سیف گیمز، اولمپکس و دیگرانڑنیشنل ایونٹس میں اپنے ملک کا سبز ہلالی پرچم بیرون ممالک بلند کیا ۔ڈی جی رینجرز سندھ نے پیپلز اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ کی ڈویلپمنٹ میں مثالی کردار ادا کرنے پرلیثرلیگز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں، ڈی جی رینجرز عمر احمد بخاری نے شاہ زیب محمود ٹرنک والا، انس محمود ٹرنک والا اورچیف آپریٹنگ آفیسر لیثر لیگز اسحاق شاہ کو سوینیر اورایونٹ کی خصوصی ٹرافی چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا کو اظہار تشکر کے ساتھ پیش کی۔