یکجہتی کشمیرفٹبال‘ کورنگی جیم خانہ اور گرین مجاہد کی سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کورنگی جیم خانہ اور گرین مجاہد ڈالمیا نے بالترتیب الشہباز کورنگی کو 0-1اور گلشن اسپورٹس کو1-4سے شکست دے کر آل کراچی یکجہتی کشمیر اینڈ شہدائے افواج پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کورنگی جیم خانہ کا واحد گول انیل انصاری جبکہ گرین مجاہد کے لیے صابر نے 2جبکہ شاہزیب اور جہانزیب نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔سندھ اسپورٹس بورڈ اور کورنگی جیم خانہ کے اشتراک سے کورنگی جیم خانہ گراؤنڈ کی سرسبز فیلڈ پر کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں کورنگی جیم خانہ اور الشہباز کورنگی کے مابین سنسنی خیز مقابلے میں میزبان ٹیم کو فائنل وسل پر 0-1کی برتری حاصل تھی ۔

میچ کا فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کے انیل انصاری نے 22ویں منٹ میں پنالٹی کک پر بنا یا اور پھر فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے انیل انصاری کے گول کا مقررہ وقت تک دفاع کرکے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں جگہ دلادی۔ دوسرے میچ میں گرین مجاہد ڈالمیا کو حریف گلشن اسپورٹس کیخلاف آسا ن کامیابی حاصل ہوئی۔ فاتح ٹیم کو 12ویں اور 31ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے صابر نے 2گولز داغ کر اپنی ٹیم کو 0-2سے آگے کردیا۔ 2گولز کے خسارے میں جانے کے بعد گلشن اسپورٹس نے جوابی دباؤ ڈال کر میچ میں واپس آنے کی ہر ممکن کوشش کی اور انہیں 39ویں منٹ میں توصیف کے زریعہ خسارے کو 1-2کرنے میں بھی کامیابی حاصل ہوگئی۔

لیکن صرف 5منٹ بعد صابر کے خوبصورت پاس پر جہانزیب نے گرین مجاہد کی برتری 1-3کردی اور کھیل کے آخری لمحات میں شاہزیب نے چوتھا اور آخری گول بنا کر اپنی ٹیم کی سیمی فائنل میں نشست کنفرم کردی۔ریفریز عبدالباقی، محمد عمران، محمد اسلام میچ کمشنر وسیم عارف تھے۔

error: Content is protected !!