کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) آل کراچی یکجہتی کشمیر و شہدائے افواج پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں شیریں جناح شاہین نے امتیاز اسپورٹس کو 2-3اور برما محمڈن نے ملیر مجاہد کو 0-2سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔ پہلا سیمی فائنل آج (جمعہ) شیرین جناح شاہین اور گرین مجاہد ڈالمیا جبکہ دوسرا سیمی فائنل (اتوار) کورنگی جیم خانہ اور برما محمڈن کے مابین کھیلا جائے گا ۔ سندھ اسپورٹس بورڈ اور کورنگی جیم خانہ کے اشتراک سے جاری ایونٹ میں شیریں جناح شاہین نے امتیاز اسپورٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 کی ہزیمت سے دوچار کیا۔
پہلے دورانیہ میں فاتح ٹیم کی جانب سے 9ویں اور 27ویں منٹ میں بالترتیب اویس اور عاصم نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 0-2کی سبقت دلادی۔ دوسرے ہاف میں 3گول اسکور کئے گئے۔ 37ویں منٹ میں خرم نے امتیاز اسپورٹس کے گول کا قرض اتارا اور مقابلہ 2-1کردیا۔لیکن 49ویں منٹ میں آصف نے شاہین کیلئے تیسرا گول داغ کر ایک بار پھر اپنی ٹیم کو1-3سے آگے کردیا۔ 59ویں منٹ میں سجاول نے امتیاز اسپورٹس کیلئے دوسرا گول اسکور کرکے میچ کو سنسنی خیز بنایا لیکن شاندار کھیل کے باوجود امتیاز اسپورٹس کے کھلاڑی اپنی ٹیم کو خسارے سے نہ نکال سکے اور 2-3کی شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں برما محمڈن کو گرین مجاہد ڈالمیا کیخلاف 0-2سے کامیابی حاصل ہوئی۔وقفہ پر برما محمدن کو طلحہ کے 29ویں منٹ میں کئے گول کی بدولت 0-1سے برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں گرین مجاہد کے کھلاڑیوںنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن متعدد سنہری مواقع حاصل ہونے کے باوجود گیند کا رخ جال کی جانب موڑنے میں ناکام رہے۔تاہم کھیل کے آخری لمحات میں شفیق نے برمامحمڈن کیلئے دوسرا گول داغ کر اپنی ٹیم کی نشست کو سیمی فائنل میں محفوظ بنادیا۔ریفری عبدالباقی کے معاونین ولی احمد، جمیل اجمیری ، محمد کامران اور اسلا م تھے۔ میچ کمشنر کے فرائض وسیم عارف اور عزیز احمد تھے۔