کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)سر ی لنکا کے خلاف تاریخی سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد قومی اسٹارز قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں جلوہ گر ہوں گے،ایونٹ کا فائنل سنٹرل پنجاب اور ناردرن کے مابین کل 27دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔فائنل میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اورمڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کریں گے،دوسری طرف قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر اور اوپنر حیدر علی ناردرن کیا سکواڈ کا حصہ ہیں۔پاکستان کیپریمیر کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل پانچ روز تک جاری رہے گاجو27 سے 31 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نہ صرف پی سی بی کے ازسر نو ترتیب دئیے گئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے پریمیئر ٹورنامنٹ کی پہلی فاتح ہوگی بلکہ وہ چمچماتی ٹرافی کی حقدار بھی ٹھہرے گی۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے اور رنرزاپ کوپچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔قائداعظم ٹرافی میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کا سفر انتہائی دلچسپ رہا۔ اس دوران پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے درمیان صرف تین پوائنٹس کا فرق رہا۔آخری راؤنڈ کے اختتام پر سنٹرل پنجاب 133 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ ناردرن 130 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔فائنل میں ناردرن کی ٹیم راؤنڈ میچز میں شکست کا بدلہ لینے کے لیے بے قرار ہوگی کیونکہ اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ ایونٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی مگر دونوں میچوں میں فتح کی دیوی سنٹرل پنجاب پر مہربان رہی ہے۔27دسمبر سے شروع ہونے والا ایونٹ کااہم ترین مقابلہ ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
سنٹرل پنجاب کو ایونٹ کے دس میں سے تین میچوں میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان، سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے باقی چھ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔ایونٹ کے آغاز سے ہی سنٹرل پنجاب کی کارکردگی میں تسلسل دیکھا گیا۔پنجاب ڈربی میں اپنے سفر کا آغاز ڈرا سے کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے اگلے دو راؤنڈز میں فتوحات حاصل کرنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اپنی گرفت مضبوط کرلی جو آخری راؤنڈ تک برقرار رہی۔اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور ایک سو رنز کے بھاری مارجن سے شکست دینے کے بعد اگلے ہی میچ میں بلوچستان کو ہرا دیا۔تیسرے راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب نے اپنے ہوم گراونڈ میں ایک اننگز اور 12 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔فیصل آباد میں کھیلے گئے ساتویں راؤنڈ کے میچ میں سنٹرل پنجاب نیایک بار پھر ناردرن کو 205رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
راؤنڈ میچز میں سنٹرل پنجاب کو واحد ناکامی کا سامنا اس وقت کر نا پڑاجب این بی پی ا سپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخواہ نے سنٹرل پنجاب کو211 رنز سے شکست دی۔بیٹنگ میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں کامران اکمل اور سلمان بٹ کے نام سرفہرست ہیں۔ دونوں کھلاڑی ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں بھی بالترتیب دوسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ کامران اکمل نے 14 اننگز میں 61.79 کی اوسط سے 865 رنز بنائے جس میں تین سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔