قائد اعظم ٹرافی فائنل،پہلا روز سنٹرل پنجاب کے نام

کراچی (سپورٹس لنک رپور)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی کے فائنل کا پہلا روز سنٹرل پنجاب کے نام رہا۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 87 رنز بنالیے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے اوپنر سلمان بٹ 48 اور اظہر علی 17رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔میچ کے پہلے روز سنٹرل پنجاب کے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین احمد شہزاد تھے، جنہیں 20 کے انفرادی اسکور پر نعمان علی نے آؤٹ کیا۔اس سے قبل فہیم اشرف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں61 اوورز میں 254 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ناردرن کی جانب سے فیضان ریاض اور روحیل نذیر نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فیضان ریاض 116 اور روحیل نذیر 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سنٹرل پنجاب کی جانب سے فہیم اشرف نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کے کپتان نعمان علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا۔ سنٹرل پنجاب کے میڈیم پیسرز فہیم اشرف اور اعزاز چیمہ نے نئے گیند سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور محض 69 رنز پر ناردرن کی آدھی ٹیم کو پویلین واپس بھجوادیا۔ اوپنر ذیشان ملک 16، حیدر علی 8، علی سرفراز 8، حماد اعظم 6 اور عمرامین کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ابتدائی پانچ وکٹیں جلد گرنے کے بعد ناردرن کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز فیضان ریاض اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے ذمہ درانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 155 رنز کی شراکت قائم کی۔ فیضان ریاض 133 گیندوں پر 14 چوکوں کی مد دسے 116رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کی یہ ایونٹ میں تیسری سنچری ہے۔ روحیل نذیر نے 12 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی ناردرن کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 254 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ناردرن کے محض 4 بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے فہیم اشرف نے 54 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بلال آصف نے 3 اور اعزاز چیمہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

error: Content is protected !!