کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قائد اعظم کرکٹ ٹرافی فائنل میچ کے دوسرے روز سینٹرل پنجاب نے اظہر علی اور عمر اکمل کی سنچریوں کی بدولت ناردرن کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 466 رنز بنا لئے اور اسے 212 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، اظہر علی 119 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل 123 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، نعمان علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میگا ایونٹ کے فائنل کے دوسرے روز سینٹرل پنجاب نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 87 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سلمان بٹ 48 اور اظہر علی 17 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں کے مابین 95 رنز کی شراکت قائم ہوئی، سلمان بٹ 74 رنز بناکر محمد موسیٰ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، اظہر علی اور کپتان بابر اعظم نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ میں 125 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 250 تک پہنچا دیا
بابر اعظم 69 رنز بناکر صدف حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اظہر علی نے شاندار سنچری سکور کی اور 119 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، کامران اکمل پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 41 رنز بناکر حماد اعظم کا شکار بنے، عمر اکمل نے ایک طرف سے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 86 گیندوں پر سنچری داغ دی، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سینٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 466 رنز بنا لئے اور اسے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 212 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے، عمر اکمل 123 اور ظفر گوہر 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نعمان علی نے دو جبکہ صدف حسین، حماد اعظم اور محمد موسیٰ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔