لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ 2019ء قومی ٹیم کے لیے بہترین رہا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال بھر خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے 2019ء کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلا ف سیریز میں کامیابی سے کیا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر رہی۔کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کاکہنا ہے کہ سال 2019 مجموعی طور پر قومی خواتین کرکٹ کے لئے اچھاثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے سال کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں کھیلی گئی ٹی ٹونٹی سیریز سے کیا، ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے باعث ٹیم اضافی دباؤ کا شکار تھی جس کی وجہ سے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔بسمہ معروف نے کہا کہ پہلے ٹی ٹونٹی کے بعدسکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز کے درمیان ایک مثبت ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں ہر کھلاڑی نے ملک میں ویمنز کرکٹ کی پذیرائی کیلئے عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں شائقین کرکٹ کو آئندہ میچوں میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملی۔
کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم کاکہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز برابر کرنا قومی ویمنز کرکٹرز کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ بسمہ معروف نے کہا کہ سال کے اختتام پر کھیلی گئی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم خاطر خواہ کھیل پیش نہ کرسکی تاہم سیریز کے اختتام پر پاکستان کے لیے کئی مثبت پہلو سامنے آئے جس میں ایک یہ کہ فی الحال قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئندہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے، امید ہے کہ پاکستان ایونٹ کا اختتام ٹاپ فور ٹیموں میں کرے گا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی رکن اسماویہ اقبال کاکہنا ہے کہ یہ سال آن اور آف دا فیلڈ دونوں اعتبار سے قومی خواتین کرکٹ کے لیے سازگار رہا۔،زونل اکیڈمیز کے مستقل بنیادوں پر فعال ہونے سے قومی خواتین کرکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر ٹریننگ کے مواقع میسر آئے ہیں، زونل اکیڈمیزمیں خواتین کھلاڑیوں کے لیے علیحدہ سہولیات کی دستیابی اور بہترین کوچز کی زیرنگرانی تربیت سے نئی کھلاڑیوں میں کھیل کا شوق بڑھ رہا ہے۔
قومی خواتین کرکٹ سلیکشن کمیٹی کی رکن کاکہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں انڈر 18 ویمنز ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جبکہ قومی ویمنز ایمرجنگ ٹیم نے گذشتہ ماہ ایشیا کپ میں شرکت کی،پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مستقل بنیادوں پر ڈومیسٹک ویمنز ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے خواتین کرکٹرز کے کھیل میں نکھار آرہا ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال کئی خواتین کرکٹرز نے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سال 2019ء میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کی میزبانی ہوم گراؤنڈز پرکی تاہم انگلینڈ کے خلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے ہوم سیریز ملائیشیا میں کھیلی جبکہ رواں سال سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل خواتین کرکٹرز کی آمدن میں اضافہ ہوا، اس کے علاوہ پی سی بی کی جانب سے ملک بھر میں گرلز اکیڈمیز کو فعال کرکے خواتین کرکٹ کو فروغ دیا گیا۔آئی سی سی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2021ء کی تیاریوں کے لیے پی سی بی نے لاہور میں اسکلز ٹوشائن انڈر 18 ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا، ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 25 کرکٹرز پر مشتمل کیمپ کراچی میں لگایا گیا ہے۔