لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ہفتے فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کر لیا گیا ہے جن میں سابق کپتان سرفراز احمد کا نام بھی شامل ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آئندہ ہفتے 6 اور 7 جنوری کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوں گے۔فٹنس ٹیسٹ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہیں لہٰذا سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل تمام دستیاب کھلاڑی دو روزہ فٹنس ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
البتہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروف تین کرکٹرز محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان ابتدائی طور پر فٹنس ٹیسٹ میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ بعد میں 21 اور 22 جنوری نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیے جائیں گے۔کھالڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی نگرانی قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک کریں گے اور ہر کھلاڑی کا فٹنس ٹیسٹ پانچ حصوں پر مشتمل ہوگا جن میں فیٹ اینالسز، اسٹرینتھ، اینڈیورنس، اسپیڈ اینڈیورنس اور کراس فٹ شامل ہیں۔
کیمپ کے دوران مطلوبہ معیار حاصل نہ کرنے والے کھلاڑی ماہانہ ریٹینرشپ کا 21 فیصد جرمانہ عائد کردیا جائے گا اور یہ جرمانہ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک وہ فٹنس کے طے کردہ کم سے کم معیار کو حاصل نہیں کر لیتا۔اسی طرح فٹنس ٹیسٹ میں مسلسل ناکامی کی صورت میں اس کرکٹر کا سینٹرل کنٹریکٹ برقرار رکھنا بھی خطرے میں پڑ جائے گا کیونکہ مقرر کردہ معیار حاصل کرنے میں مسلسل ناکامی پر مذکورہ کھلاڑی کو سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں تنزلی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔فٹنس ٹیسٹ کے لیے جن کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے ان کے نام یہ ہیں۔
کٹیگری اے: بابر اعظم ،سرفراز احمد اور یاسر شاہ
کٹیگری بی: اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، اور شاہین شاہ آفریدی
کٹیگری سی: عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری