کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پنجاب نے پاکستان آرمی اورپاکستان واپڈا نے کراچی یونائیٹڈکو 0-1کے یکساں اسکورسے شکست دے کر بالترتیب گروپ ’اے‘ اورگروپ ’بی‘ کی چمپئن بن گئیں۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 12نیشنل وومین فٹبال چمپئن شپ کے گروپ میچزکے پی ٹی اور کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم پر مکمل ہوگئے۔ کے پی ٹی اسٹیڈیم پر گروپ ’اے‘ میں کھیلے گئے میچز میں پنجاب نے دفاعی چمپئن پاکستان آرمی کو ذولفیہ کی چوتھے منٹ میں فری کک پر کئے ہوئے گول کی بدولت 0-1سے شکست دی۔
پاکستان آرمی کی ٹیم مقررہ وقت میں پنجاب کی ٹیم کے گول کا قرض اتارنے میں ناکام رہی جبکہ انہیں 18ویں منٹ میں میچ میں واپسی کا ایک سنہری موقع پنالٹی کک کی صورت میں ملا لیکن پاکستان آرمی کی کپتان ملائیکہ کی لگائی گئی کک رائیگاں گئی۔اسی گروپ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں دیا وومین فٹبال کلب کو باآسانی کراچی ککرز پر 0-3کی برتری حاصل ہوئی۔رابعہ نے دوسرے منٹ میں اپنی ٹیم کو 0-1سے آگے کیا بعدازاں دوسرے ہاف میں عروسہ نے 71ویں اور امیرا نے 78ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گولز داغ کر اپنی ٹیم کو 0-3کی فیصلہ کن برتری دلاکر 3پوائنٹس کے ساتھ اپنا اکاؤنٹ کھولا ۔ کراچی ککرز کو اپنے تینوں میچوں میں شکست کا سامنا رہا ۔
انکے خلاف 35گول اسکور ہوئے اور وہ کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے گروپ ’بی‘ میں فیورٹ پاکستان واپڈا نے کراچی یونائیٹڈ کو فائنل وسل سے 3منٹ قبل (87ویں منٹ) میں دعاگیلانی کے واحد اور فیصلہ کن گول کی بدولت شکست کا مزہ چکھایا۔اسی گروپ میں جافا وومین ایف سی کو واحد کامیابی گلگت بلتستان کیخلاف حاصل ہوئی۔ جب اسٹار اسٹرائیکر مشال کے 10یں منٹ میں کئے ہوئے گول کا قرض ناکام سائیڈ مقررہ دورانیہ میں نہ اتار سکی اور بغیر کھاتہ کھولے اور گول اسکور کئے ان کا سفر اختتام پذیر ہوا۔ گلگت کی ٹیم کیخلاف 20گولز اسکور ہوئے۔10جنوری کو دونوں سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔
پہلا سیمی فائنل پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی جبکہ دوسرا سیمی فائنل کراچی یونائیٹڈ اور پنجاب کے مابین کھیلا جائے گا۔ریفریز ارسلان شریف ، نور عالم، شوکت حسین اور طاہر قاری کے معاونین زاہد علی ، مطاہر حسین، سلیم بابر ، بابر علی، الٰہی بخش، سعد کاظمی اور یوسف منصوری ، میچ کمشنر محمد جاوید،اللہ بخش، عبدالکریم، سید خورشید علی شاہ جبکہ ریفریز ایسیسرز جاوید بنگش، محمد شمیم ، استاد لطیف اور محمد ندیم تھے۔