لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ میڈیا میں نسیم شاہ کے حوالے سے آنے والی خبروں کی تردید کرتا ہے جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا نام آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے زائد العمر ہونے کی وجہ سے واپس لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے معمول کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی عمر کی تصدیق کی اور یہ عمل 6 دسمبر کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کے انتخاب سے قبل نومبر میں مکمل کر لیا گیا تھا۔ نسیم شاہ کا نام ورلڈکپ کے لیے منتخب کردہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اس ابتدائی اسکواڈ میں شامل تھا جو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ عمر کی اہلیت پر پورا اترتےہیں۔اس ایونٹ کے لئےکھلاڑیوں کی عمر کی ا ہلیت یکم ستمبر 2000 مقرر کی گئی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ 31 دسمبر کو اپنے اعلامیئے میں وضاحت کرچکا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ سے نسیم شاہ کا نام پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کی درخواست پر واپس لیا گیا ہے اور اس کی وجہ صرف” کرکٹ” ہے۔پی سی بی اس بات پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے کہ نوجوان کرکٹر، کی ساکھ کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کا مستقبل روشن ہے۔