ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ فائنل: پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرزکی ٹیمیں جمعرات کو مدمقابل آئیں گی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرز نے قومی سہ فریقی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا ہے۔ ایونٹ کا فائنل دونوں ٹیموں کے درمیان برقی قمقوں کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ 16جنوری کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول فائنل شام 7 بجے شروع ہوگا۔

چھ گروپ میچز پر مشتمل ایونٹ میں تمام ٹیمیں 2،2میچز جیتنے میں کامیاب رہیں تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرز نے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ گروپ میچز کے اختتام پر پی سی بی چیلنجرز 0.6 رن ریٹ کے ساتھ پہلے، پی سی بی بلاسٹرز 0.124 کے ساتھ دوسرے اور پی سی بی ڈائنامائٹس کی ٹیم منفی 0.703 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

اس سے قبل منگل کے روز ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے پی سی بی چیلنجرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پی سی بی چیلنجرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ اوپنر منیبہ علی 68 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹر رہیں۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے معصومہ جعفری، ثناء میر، کائنات امتیاز اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 3 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر سدرہ امین نے 52 گیندوں پر 8 چوکوں کی بدولت 68 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عمیمہ سہیل نے 24 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سیدہ عروب شاہ، ایمن انور اور فاطمہ ثناء نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سدرہ امین کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔

شیڈول:

16 جنوری بروز جمعرات: پی سی بی چیلنجرز بمقابلہ پی سی بی بلاسٹرز، بوقت شام 7بجے

اسکواڈز:

پی سی بی بلاسٹرز:

رامین شمیم (کپتان)،عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، حرینہ سجاد، جویریہ خان، جویریہ رؤف، ماہم طارق، نتالیہ پرویز، نیہاشرمین، نورین یعقوب، صدف شمس، سدرہ نواز اور طوبہٰ حسن۔

ٹیم آفیشلز:

وقار اورکزئی (کوچ)، شاکر قیوم(اسسٹنٹ کوچ)، ملائکہ منصور(منیجر) اور رفعت اصغر گل (فزیوتھراپسٹ)۔

پی سی بی چیلنجرز:

بسمہ معروف (کپتان)،ایمن انور، عروب شاہ، عائشہ ظفر، فاطمہ ثناء ، حفصہ خالد، منیبہ علی، نجیہ علوی، ندا ڈار، صبا ء نذیر،سعدیہ اقبال، وحیدہ اختر، حفصہ امجد اور خدیجہ چشتی۔

ٹیم آفیشلز:

عامر اقبال(کوچ)، شاہد محمود(اسسٹنٹ کوچ)، عائشہ جلیل (منیجر) اور صائمہ ملک(فزیوتھراپسٹ)۔

تعارف: newseditor