لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹر محمد حفیظ کاکہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ سے اعزاز کی بات ہے، ٹیم کے لیے منتخب ہونا حیران کن نہیں، تاہم دوبارہ ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی ہوئی ہے۔لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ میں خوف کے ساتھ زندگی نہیں گزارتا، بنگلہ دیش کےخلاف بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم میں منتخب ہونا میرے لیے سرپرائزنہیں تھا ، تاہم ٹیم میں بولنگ کو مس کروں گا، بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کا انتظار ہے جلد ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی ٹیم میں بیٹسمین کے طور پر رنز کیے ہوئے ہیں، اب اس حیثیت سے خود کو مزید منواؤں گا۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں، اسے اپنے کیرئیر کا ایک یادگار ایونٹ بنانا چاہتا ہوں جس کے بعد ریٹائر ہو جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میں مثبت سوچ کے ساتھ کھیلوں گا،مجھ پر جو اعتماد کیا گیا ہے کوشش کرونگا کہ اس پرپورا اتروں، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کسی اور کے کام میں مداخلت نہیں کرتا، لیکن مشورہ مانگا گیا تو ضرور دونگا۔بابراعظم سے متعلق محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جیت کسی بھی کھلاڑی کواعتماد دیتی ہے، مجھے امید ہے کہ بابر دیر تک پاکستان کی نمائندگی کریں۔