آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ: نوجوان کھلاڑیوں کا جنوبی افریقہ میں شاندار کارکردگی دکھانے کا عزم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان (14 سال قبل آخری مرتبہ ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم) اپنے سفر کا آغاز اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 19 جنوری بروز اتوار کو پوچیف اسٹروم کے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اسپورٹس ویلج گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ گروپ سی میں شامل پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم 22 اور 24 جنوری کو بالترتیب زمباوے اور بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی، دونوں ٹیموں کے خلاف میچز بھی پوچیف اسٹروم میں ہی کھیلے جائیں گے ۔

گروپ سی میں ٹاپ کرنے کی صورت میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں گروپ ڈی کی رنرزاپ ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔ سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے کا تیسرا میچ 30 جنوری کو پوچیف اسٹروم میں کھیلا جائے گا البتہ گروپ سی میں رنرزاپ رہنے کی صورت میں قومی انڈر 19 ٹیم کو گروپ ڈی میں ٹاپ کرنے والی ٹیم سے میچ کھیلنا ہوگاجو31 جنوری کو بینونی میں ہوگا۔

ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل بھی پوچیف اسٹروم میں ہی کھیلے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق سپر لیگ سیمی فائنلز 4 اور 6 فروری کو جبکہ فائنل 9 فروری کو ہوگا۔

اس سے قبل قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم گذشتہ سال جون/جولائی میں جنوبی افریقہ کا کامیاب دورہ کرچکی ہے۔ میگا ایونٹ کی تیاریوں کی غرض سے ترتیب دی گئی سیریز میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 0-7 سے کلین سوئیپ کیا تھا۔ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے میگا ایونٹ سے قبل دو وارم اپ میچز میں شرکت کی، جہاں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم، نائیجیریا اور سری لنکا کو بالترتیب 9 اور 4 وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہی۔

مجموعی طور پر انڈر 19 کرکٹ میں دنیا بھر کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کا شمار چند بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔بھارت (4) اور آسٹریلیا (3) کے بعد پاکستان سب سے زیادہ (2) مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔ ماضی میں شاندار ریکارڈ رکھنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم جیت کے تناسب میں بھی دنیائے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر ہے، اس فہرست میں بھارت پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے۔

میگا ایونٹ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کررہے ہیں۔ وہ سیزن 19-2018 میں اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں سنچری اسکور کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روحیل نذیر نے بنگلہ دیش میں کھیلے گئےاے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان کو چیمپئین بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں روحیل نذیر کے نائب کی ذمہ داری حیدر علی سرانجام دے رہے ہیں۔ نوجوان اوپنر نے گذشتہ سال دورہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا میں بالترتیب 317 اور 214 رنز اسکور کئے تھے۔ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کے 5 میچوں میں 218 رنز بنانے والے حیدر علی نےگذشتہ سیزن کے دوران 7 فرسٹ کلاس میچوں میں 645 رنز بنائے ۔

60 ٹیسٹ اور 250 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق کرکٹر اعجاز احمد آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ 1986 سے 2001 تک بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اعجاز احمد نےٹیسٹ کرکٹ میں 3315 رنز جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں کل 6564 رنز بنا ئے۔

روحیل نذیر:

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی بہت پر جوش ہے، اتوار کے روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم گذشتہ 8 ماہ سے میگا ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

روحیل نذیر نے کہا کہ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی موجودگی قومی انڈر 19 اسکواڈ کے لیےحوصلہ افزائی کا سبب ہے۔کپتان قومی انڈر 19 ٹیم نے کہا کہ میگا ایونٹ میں شرکت سےنوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شریک تمام (16)ٹیمیں جنوبی افریقہ پہنچ چکی ہیں۔ امید ہے باصلاحیت کھلاڑی ایونٹ میں متاثرکن کارکردگی دکھاکر اپنے اپنے ممالک کی سینئر ٹیموں میں جگہ بنائیں گے۔

گروپس:

گروپ اے: بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اورجاپان
گروپ بی: آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نائیجیریا
گروپ سی : پاکستان، بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ اور زمباوے
گروپ ڈی: افغانستان، جنوبی افریقہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات

شیڈول:

19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9فروری 2020: فائنل

اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):

اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔

مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔

وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔

آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔

اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔

فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔

ٹیم منیجمنٹ:

اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔

اسکواڈ کے بارے میں جانیئے:

روحیل نذیر(کپتان):

روحیل نذیر دوسری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کریں گے۔ دو سال قبل اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں سنچری اسکور کرنے والے روحیل نذیر کواے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2019کے لیے بھی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روحیل نذیر نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کےفائنل میں بھی شاندار سنچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے گذشتہ سال 6فرسٹ کلاس میچز میں 320 رنز بنائے۔

حیدر علی (نائب کپتان):

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 317 اور دورہ سری لنکا پر 214 رنز بنانے والے حید ر علی نے گذشتہ ماہ اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کے 5میچوں میں 218 رنزبنائے تھے۔ حیدر علی نے گذشتہ سال7فرسٹ کلاس میچز میں645 رنزبنائے۔

عامر خان:

18 سالہ کرکٹر عامر خان قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں 18وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2 ایک روزہ میچوں میں بھی 1 وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے 3میچوں میں 5وکٹیں حاصل کیں۔

عباس آفریدی:

عباس آفریدی نے جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ایشیا کپ کے کل 13 میچوں میں 17وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 129 رنز اسکور کیے۔مسلسل تین سال قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے عباس آفریدی نے گذشتہ سال ایونٹ میں شرکت نہیں کی۔

عبدالواحد بنگلزئی:

16سالہ کرکٹر کاقومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچواں نمبر ہے۔ ایونٹ میں 246 رنز بنانے والے عبدالواحد بنگلزئی قومی تین روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 276 رنز بناچکے ہیں۔ وہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ بھی کھیل چکےہیں۔

عامر علی:

بائیں ہاتھ کے اسپنر 17 سالہ عامر علی نےگذشتہ سال فرسٹ کلاس ڈیبیو میں ایک وکٹ حاصل کی تھی۔اس سے قبل وہ دورہ جنوبی افریقہ میں 13 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے تھے۔ اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ کے 3میچوں میں 4وکٹیں حاصل کرنے والے عامر علی قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 7 اور قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 28 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

آر ش علی خان:

گذشتہ سالآرش علی خان15 وکٹیں حاصل کرکے قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے ، وہ تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں30 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کےدوسرے بہترین باؤلر رہے۔آرش علی خان پہلی بار قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

فہد منیر:

17سالہ فہد منیر نے دورہ جنو بی افریقہ میں 5وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 رنز بنائے تھے۔ وہ اس سال قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرسکے۔

محمد حارث:

دورہ جنوبی افریقہ میں 275 جبکہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں 96 رنز اسکور کرنے والے محمد حارث کا تعلق پشاور سے ہے۔

محمد حریرہ:

قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 342 رنزبنانے والے محمد حریرہ تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 358 رنز اسکورکرکے تیسرے بہترین بلے باز قرار پائے تھے۔

محمد عرفان خان:

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر رہنے والے محمد عرفان خان دورہ جنوبی افریقہ میں 208 اور قائداعظم ٹرافی کےکل10 نان فرسٹ کلاس میچز میں 475رنز بناچکے ہیں۔

محمد شہزاد:

15 سالہ محمد شہزاد نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے تین میچوں میں 26 جبکہ پاکستان میں کھیلے جانے والے تین میچوں میں 72 رنزبنائے تھے۔

قاسم اکرم:

17 سالہ قاسم اکرم قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں 296 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 3وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے قومی تین روزہ انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ میں 260 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 15وکٹیں حاصل کیں۔انڈر 19 ایشیا کپ میں30رنز اسکور کرنےوالے آلراؤنڈر نے 4وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔انہوں نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں بالترتیب 77 اور 124 رنزبنائیں۔

محمد وسیم جونیئر:

18سالہ فاسٹ باؤلر کا تعلق شمالی وزیراستان سے ہے، وہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور دورہ جنوبی افریقہ میں 3،3وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے دورہ سری لنکا میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

طاہر حسین:

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر طاہر حسین نے قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6وکٹیں حاصل کیں۔

error: Content is protected !!