سابق بھارتی کرکٹر پروین کمار کی جانب سے خودکشی کی کوشش

نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ) سابق بھارتی کرکٹر پروین کمار کی جانب سے خودکشی کی کوشش کی گئی ہے۔معروف بھارتی فاسٹ بولر جو کہ اپنی کم رفتار کے باوجود وکٹ کے دونوں طرف گیند گھما لیتے تھے آج ڈیپریشن کا شکار ہو کر خودکشی کے مقام پر آ گئے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہائی وے پر سفر کرتے ہوئے ان کے ذہن میں خیال آیا کہ میرے ساتھ یہ کیا ہو رہا ہے، چلو اس کو ختم کرتے ہیں۔

اتنی سی سوچ پر معروف کرکٹر نے خودکشی کا فیصلہ کر لیا اور بندوق سے گولی چلانے کی کوشش کی۔بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے معروف کرکٹر کا کہنا تھا کہ ایک لمحے کے لئے میں نے اپنی بیوی اور بچوں کی تصویر دیکھ لی اور میرے دل میں خیال آیا کہ میں ان سے ساتھ ایسا نہیں کر سکتا، ان کی کیا غلطی ہے۔بس اسی سوچ نے مجھے یہ حساس قدم اٹھانے سے روک لیا۔

مزید بات کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر کی جانب سے مایوسی کا اظہارکیا گیا کہ میرا کیرئیر میری مرضی سے بغیر ختم کر دیا گیا ہے۔افسوس کا ذکر کرتے ہوئے پروین کمار کا کہنا تھا کہ میں جس وقت میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کے بارے میں سوچ رہا تھا اس وقت مجھے ٹیم سے نکال دیا گیا۔ مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت جب انگلینڈ میں کھیلتے ہوئے ہرانسان میری تعریف کر رہا تھا، جب میں لگاتار پرفارمنس دے رہا تھا، اس وقت میرے لئے مواقع پیدا کرنے کی بجائے مجھے باہر کر دیا جس کی وجہ سے میرے اندر مایوسی نے جنم لے لیا۔

بھارتی کرکٹر لیگ آئی پی ایل میں کئی فرنچائزز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باولر آج کل ڈیپریشن کا شکار ہیں جس بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے دکھ ہوتا ہے جب میں کسی کرکٹر کو فون کروں اور آگے سے مجھے جواب نہ دیا جائے۔بھارتی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے کرکٹر پروین کمار کا کہنا تھا کہ رانجھی ٹرافی میں ہماری ٹیم کے پاس باولنگ کوچ نہیں ہے ، لیکن مجھے کسی نے نہیں پوچھا۔مجھے اس وقت اس ٹیم کے ساتھ ہونا چاہیئے تھا نہ کہ مجھے گھر میں بیٹھے ہونا چاہیئے تھا۔یاد رہے کہ مایوسی کا شکار ہو کر بھارتی کرکٹر کی جانب سے خودکشی کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس کی بیوی اور بچوں کی تصویر نے اسے خودکشی کرنے سے روک لیا۔

تعارف: newseditor