عالمی کپ میں ٹیم کی قیادت میرے لئے اعزاز ہے، بسمہ معروف

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کو اعزاز سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقینا میگا ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے مگر وہ اب تک اس کردار میں کرکٹ کو انجوائے کررہی ہیں۔بسمہ معروف نے واضح کیا کہ وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تجربہ کار ویمنز کرکٹرز جویریہ خان اور ندا ڈار اس سے قبل بھی میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ دائیں ہاتھ کی بیٹر جویریہ خان کی کارکردگی میں تسلسل اور ندا ڈار کی ویمنز بگ بیش لیگ میں شرکت کا فائدہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمیمہ سہیل کی صورت میں باصلاحیت مڈل آرڈر بیٹر کے ساتھ ساتھ عالیہ ریاض اور ارم جاوید کی صور ت میں جارح مزاج بیٹرز میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔کپتان کا کہنا ہے کہ چند روز قبل کراچی میں کھیلے گئے ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سنچری اسکور کرنے والی منیبہ علی کی اسکواڈ میں شمولیت بھی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ نسیم کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیت سمیت مجموعی طور پر قومی خواتین اسکواڈ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کا سبب ہوگا۔بسمہ معروف نے کہا کہ ڈیانا بیگ تجربہ کار فاسٹ بالر ہیں تاہم ایمن انور بھی نئی گیند سے اچھی بالنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والی فاطمہ ثنا، سیدہ عروب شاہ اور سعدیہ اقبال کی اسکواڈ میں شمولیت بالنگ ڈیپارٹمنٹ کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 سالوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ ے لیے منتخب کردہ اسکواڈ بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو میگا ایونٹ میں مثبت نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک کراچی میں جاری رہے گا۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

error: Content is protected !!