بسمہ معروف اور جویریہ خان کے درمیان مکالمہ

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے قومی خواتین اسکواڈ نوسا ہیڈز،کوئینز لینڈ پہنچ چکا ہے۔ میگا ایونٹ رواں ماہ آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔عالمی کپ میں شرکت سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے خلاف 3 وارم اپ میچوں میں شرکت کرے گی۔ یہ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو نوسا کرکٹ کلب میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ پر روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور جویریہ خان کے درمیان مکالمہ ہوا جس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے سینئرز اور جونیئرز پر مشتمل قومی خواتین اسکواڈ پر تبصرہ کیا۔ اس موقع پر دونوں کرکٹرزمیگا ایونٹ میں شرکت سے قبل بہت پرجوش تھیں۔
بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
اپنے کیریئر کے ساتویں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شریک بسمہ معروف پہلی مرتبہ بطور کپتان میگا ایونٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی کپ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ بسمہ معروف نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور امید ہے کہ قومی اسکواڈ میگا ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ عالمی کپ میں شریک اسکواڈ مجموعی طور پر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں محض 3 سے 4 سینئر کرکٹرز شامل ہیں تاہم وہ پرامید ہیں کہ نوجوان کرکٹرز ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

بسمعہ معروف نے کہا کہ حالیہ چند ماہ میں حاصل ہونے والی فتوحات کی بڑی وجہ ٹیم کاایک یونٹ بن کر میدان میں اترنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں کامیابی کے لیے بھی یہی حکمت عملی کارگر ثابت ہوگی۔کپتان نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو اسپورٹ کرتے رہیں تاکہ ٹیم میگاایونٹ میں بہترین نتائج دے سکے۔
جویریہ خان :
97 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والی جویریہ خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ اعصاب کا کھیل ہے،یہاں تقریباً ہر میچ ہی ناک آؤٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے بسمہ معروف کو مشورہ دیا کہ وہ ایونٹ کے دوران کپتانی کا دباؤ لینے کی بجائے اس رول کو انجوائے کریں۔جویریہ خان نے مزید کہا کہ بطور اوپنر،ٹیم کو مضبوط اور مثبت آغاز فراہم کرنا اور ان کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان کرکٹر مبینہ علی کو مکمل اسپورٹ فراہم کریں گی تاکہ دونوں کرکٹرز اننگز کے آغاز میں ایک مثبت کھیل پیش کرسکیں۔

وہ پرعزم ہیں کہ قومی اسکواڈ ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنائ￿ ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔
آفیشلز:
سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ)۔

error: Content is protected !!