لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود نے کہا ہے کہ باکسنگ لیگ پاکستان مستقبل میں کرکٹ پی ایس ایل کی طرح بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرے گی۔کسی بھی کھیل کی ترقی میں حکومت اور کارپوریٹ اداروں کو ملکر ایک پیج پر کام کرنا ہوگا۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور سمیت پاکستان پروفیشنل لیگ کے اعلٰی حکام کے مشکور ہیں جنہوں نے ملک میں باکسنگ کے کھیل کی پروموشن کے لیے ہمارا ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ملک میں نوجوان باکسرز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔
باکسنگ لیگ پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد محمود کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ باکسنگ کا وہ کھیل جس سے ملکی تاریخ میں 223 انٹرنیشنل میڈلز حاصل کیے ہیں اسے ترقی دینے کی ایک کوشش کی گئی ہے جس میں سید نعمان شاہ، شاہد احمد خان نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ امید ہے کہ اس معاہدہ سے ملک میں باکسنگ کا کھیل ترقی کرئے گا۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدذر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخی دن ہے جس کے تحت باکشسنگ کے کھیل کو ترقی دینے کے لیے معاہدہ طے پایا ہے۔ میں اس اہم موقع پر دونوں پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور امید کرتا ہوں کہ ان کے درمیان طے پانے والے معاہدے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر باکسنگ کا کھیل اور کھلاڑی دونوں ترقی کرینگے۔